سِک کڈز کا لعاب کی جانچ کا پروگرام
یہ صفحہ درج ذیل زبانوں میں دستیاب ہے:
دی ہاسپٹل فار سِک چلڈرن (The Hospital for Sick Children, SickKids) میں لعاب کی جانچ کا پروگرام ٹورنٹو بھر کے منتخب اسکولوں میں علامات کے حامل طلبا اور عملے کے لیے انفلوئنزا، سانس کے سنسیشل وائرس (Respiratory syncytial virus, RSV) اور COVID-19 کی جانچ کے لیے لعاب کے ٹیسٹس کی کِٹس پیش کرتا ہے، جنہیں اِسپٹ کِٹس (Spit-kits) بھی کہا جاتا ہے۔
اس پروگرام کا آغاز ستمبر 2020 میں ٹورنٹو کے اسکولوں میں COVID-19 کی جانچ کے لیے کیا گیا تھا۔ 2024-25 کے تعلیمی سال کے لیے، پروگرام میں COVID-19 کے علاوہ انفلوئنزا اور سانس کے سنسیشل وائرس (RSV) کی جانچ کو شامل کرنے کے لیے اس میں توسیع کی جائے گی۔
انفلوئنزا، سانس کے سنسیشل وائرس (RSV) اور COVID-19 کی علامات میں شامل ہیں:
بخار، سردی لگنا، کھانسی، سانس لینے میں دشواری/خرخراہٹ، ذائقے یا سونگھنے کی حس میں کمی/یا خاتمہ، ناک بہنا/ناک کا بند ہونا، سر درد، شدید تھکاوٹ، گلے میں خراش، پٹھوں میں درد/جوڑوں میں درد، قے/اسہال۔
اگر آپ میں یہ علامات موجود ہیں تو، ٹورنٹو پبلک ہیلتھ کا ذاتی تشخیصی ٹول (PDF) اور اپنے اسکول کی پالیسیاں ملاحظہ کریں اور فراہم کردہ رہنمائی پر عمل کریں۔
ٹورنٹو کے اسکولوں کے لیے، ان وائرسوں کے بارے میں معلومات اور سانس کے وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے طریقوں کے بارے میں جاننے کے لیے ٹورنٹو پبلک ہیلتھ کی معلومات کا جائزہ لیں۔ COVID-19 کی مخصوص رہنمائی کے لیے ٹورنٹو پبلک ہیلتھ کا COVID-19 کے بارے میں مخصوص صفحہ ملاحظہ کریں۔
پروگرام کا مرحلہ 1: اِسپٹ کِٹ حاصل کریں
اپنے اسکول کی نامزد کردہ، لعاب کی کِٹ اٹھانے کی جگہ (Saliva Kit Pick-up) سے کِٹ حاصل کریں۔ اگر آپ میں علامات ہیں اور آپ گھر پر ہیں، تو آپ کسی کو اسکول آ کر آپ کے لیے لعاب کی کِٹ حاصل کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔
آپ کے لعاب کی کِٹ میں شامل ہونا چاہیئے:
- لعاب جمع کرنے کے لیے کنٹینر اور قیف
- نمونے کو ذخیرہ کرنے کے لیے ایک پلاسٹک بیگ (بائیو ہیزرڈ بیگ)
- ایک لیبل جسے مکمل کیا جائے گا اور لعاب جمع کرنے والے کنٹینر پر چپکایا جائے گا
- ایک درخواست فارم جسے پُر کیا جائے گا
- لعاب کے نمونے کو جمع کرنے اور اس پر لیبل لگانے کے بارے میں ہدایات
- نتائج تک رسائی حاصل کرنے کے بارے میں ہدایات
پروگرام کا مرحلہ 2: جانچ مکمل کریں
لعاب جمع کرنے کی ہدایات کا جائزہ لیں (PDF)۔
اس بارے میں ویڈیوز دیکھیں:
- اپنے لعاب کا نمونہ کیسے لیا جائے
- اپنے کلینیکل لیبل اور لیبارٹری کے درخواست فارم کو کیسے پُر کیا جائے
درخواست فارم کو درست طریقے سے پُر کرنا اور اسے اپنے نمونے کے ساتھ شامل کرنا یاد رکھیں۔
یاددہانیاں
- نمونہ لینے سے 30 منٹ پہلے کھانے، پینے، چیونگم چبانے، تمباکو نوشی، یا ویپنگ کرنے سے گریز کریں۔
- نمونہ جمع کرنے والے کنٹینر میں (1 سے 2 ملی لیٹر) سرخ لکیر تک تھوکیں، بلبلے شمار نہیں ہوتے ہیں۔
- نیلے ڈھکن کے ساتھ بند کریں۔ بند کرنے کے بعد، آہستہ سے تین سے پانچ بار ہلائیں۔
- ہیلتھ کارڈ، لیبل اسٹیکر، اور درخواست فارم پر پہلا/آخری قانونی نام اور تاریخ پیدائش ملتے ہوں۔
- لیبل لعاب کے کنٹینر پر چسپاں ہونا ضروری ہے۔
- لیبارٹری کی درخواست کا فارم مکمل پُر کریں۔ نمونے پر کارروائی کرنے کے لیے فارم کو مکمل بھرنا ضروری ہے۔
- بائیو ہیزرڈ بیگ میں نمونہ اور لیبارٹری کا فارم رکھیں اور مضبوطی سے بند کریں۔
- نمونے کو معائنے کے لیے چھوڑ کر آنے تک فریج میں رکھیں۔
پروگرام کا مرحلہ 3: اپنے نمونے کو پہنچائیں
مکمل شدہ اِسپٹ کٹس آپ کے اسکولوں میں لعاب کی کِٹ رکھنے (Saliva Kit Drop-off) کے مقام پر کولر کے اندر رکھی جاسکتی ہیں۔ اگلے دن نتائج حاصل کرنے کے لیے، اپنا نمونہ کوریئر کی آپ کے اسکول میں آمد سے پہلے پہنچائیں (آپ اپنے اسکول لیڈ سے کوریئر کے اوقات کی معلومات لے سکتے ہیں)۔
نمونے پیر سے جمعہ (تعطیلات کو چھوڑ کر) جمع کیے جاتے ہیں اور جانچ کے لیے سِک کڈز کو پہنچائے جاتے ہیں۔
پروگرام کا مرحلہ 4: اپنے نتائج واپس حاصل کریں
تمام نتائج نمونے چھوڑ کر آنےکے بعد 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر MyChart کے نتائج پر دستیاب ہوں گے۔
اگر آپ کے پاس MyChart اکاؤنٹ نہیں ہے تو، آپ مفت میں ایک اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔ براہ کرم آگاہ رہیں کہ آپ اس وقت تک MyChart اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے جب تک کہ آپ کا نمونہ ہماری لیب کو موصول نہ ہو جائے۔ یہ عمل عام طور پر آپ کے نمونہ چھوڑ کر آنے کے بعد 24 سے 48 گھنٹے لیتا ہے۔ براہ کرم اسی ای میل ایڈریس کا استعمال کریں جو درخواست فارم پر استعمال کیا گیا ہو۔ آپ کی درخواست کے بعد 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر ایک ای میل کے ذریعے MyChart ایکٹیویشن کوڈ بھیجا جائے گا۔
اکاؤنٹ بنانے کے لیے آپ کو اونٹاریو ہیلتھ کارڈ نمبر کی ضرورت ہو گی۔ اگر آپ کے پاس اونٹاریو ہیلتھ کارڈ نمبر نہیں ہے، یا آپ کو اپنے نتائج تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری ہو رہی ہے تو، براہ کرم نتائج کے لیے school.salivatesting@sickkids.ca پر رابطہ کریں۔
بعض اوقات کنٹینر میں تھوک کی مقدار مناسب نہ ہونے یا لیبل، درخواست فارم صحیح طریقے سے نہ بھرے جانے کی وجہ سے نمونے پر کارروائی نہیں ہو پاتی۔ اگر آپ کے نمونے پر کارروائی نہ ہو سکے تو، آپ کو سِک کڈز کےفراہم کنندہ کی طرف سے کال موصول ہو گی۔
اگر آپ کا ٹیسٹ مثبت ہے تو:
- آپ کو سِک کڈز کے فراہم کنندہ کی طرف سے کال موصول ہو گی۔ اگر سِک کڈز کی کلینیکل ٹیم آپ سے رابطہ قائم کرنے سے قاصر ہے تو آپ کی درخواست پر فراہم کردہ ای میل پر ایک ای میل بھیجی جائے گی تاکہ آپ کو مطلع کیا جاسکے کہ نتائج MyChart پر دستیاب ہیں
- سِک کڈز آپ کے اسکول کو مطلع نہیں کرے گا۔
- اگر آپ دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ کے پاس تحقیق میں حصہ لینے کا اختیار ہو گا۔
:اگر آپ کا ٹیسٹ منفی ہے تو
- آپ کو فون کال موصول نہیں ہو گی۔
ویڈیو: اپنے کلینیکل لیبل اور لیبارٹری کے درخواست فارم کو کیسے پر کریں
براہ کرم نوٹ کریں کہ یہ ہدایات سِک کڈز کے لعاب کی جانچ کے پروگرام میں کلینیکل نمونوں کے لیے ہیں۔ تحقیقی نمونے کے لیبل اور درخواستوں کے بارے میں معلومات کے لیے، براہ کرم اپنی تحقیقی کِٹ میں شامل 'لعاب جمع کرنے کی ہدایات' نامی ہینڈ آؤٹ کے ساتھ ساتھ نیچے موجود ' سِک کڈز کی لعاب کے معائنے پر تحقیق' کا حصہ پڑھیں۔
سِک کڈز کی لعاب کے معائنے پر تحقیق
سانس کے وائرل انفیکشن عام طور پر بچوں کو متاثر کرتے ہیں اور کچھ بچوں میں یہ صحت کے سنگین مسائل کا باعث بن سکتے ہیں۔ یہ سمجھنا کہ انفلوئنزا، RSV اور COVID-19 جیسے سانس کے انفیکشنز بچوں میں کیسے پھیلتے ہیں، وبا پھوٹنے اور مستقبل کے وبائی امراض کے دوران پبلک ہیلتھ اور نگہداشت صحت کے کارکنوں کی مدد کر سکتا ہے۔
2024-25 کے تعلیمی سال کے دوران، سِک کڈز پبلک ہیلتھ کے ساتھ کام کر رہا ہے تاکہ یہ سمجھ سکے کہ:
- انفیکشن کے متاثر کرنے کے دورانیے میں وائرس کی مقدار کیسے تبدیل ہوتی ہے
- گھروں میں انفیکشن کیسے پھیلتا ہے، اور
- کلاس رومز میں انفیکشن کیسے پھیلتا ہے اور بچوں میں یہ انفیکشنز کتنی بار ہوتے ہیں گو کہ وہ خود کو بیمار محسوس نہیں کرتے ہیں۔
کون شرکت کر سکتا ہے؟
- انفلوئنزا، RSV اور COVID-19 کے مثبت ٹیسٹ والے افراد کے پاس 10 دن تک روزانہ لعاب کا ٹیسٹ کروانے کا اختیار ہے۔
- انفلوئنزا، RSV اور COVID-19 کے مثبت ٹیسٹ والے افراد کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ اپنے گھرانے کا ایک بار لعاب کا ٹیسٹ مکمل کروائیں۔
- کلاس رومز کو تحقیقی کٹس مل سکتی ہیں۔ اگر آپ کے بچے کی کلاس کو تحقیقی کِٹ دی جاتی ہے تو، ان کے پاس ایک بار لعاب ٹیسٹ مکمل کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔
تمام تحقیق رضاکارانہ بنیادوں پر ہے، اور اگر آپ نہیں چاہتے ہیں تو آپ کو حصہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمام تحقیقی نمونے گمنام ہوتے ہیں اور تمام ذاتی معلومات کو ہٹا دیا جاتا ہے۔ آپ یہ انتخاب کرسکتے ہیں کہ آیا آپ اپنے نمونے کے نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک کلینیکل ٹیسٹ کروانے کے لیے آپ کو تحقیق میں حصہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
میرے بچے کو اسکول سے ایک تحقیقی اِسپٹ کِٹ موصول ہوئی ہے
آپ کے بچے کو اس لیے اِسپٹ کِٹ موصول ہوئی ہے کیونکہ اس کی کلاس کو جانچ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
پورے تعلیمی سال کے دوران کلاسوں کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ بچوں میں یہ انفیکشن کتنی بار ہوتا ہے خواہ ان میں علامات موجود نہ ہوں۔
آپ کے بچے کو ایک بار لعاب کا نمونہ فراہم کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ اس عمل میں تمام تر شرکت رضاکارانہ ہے، اور آپ اور آپ کا بچہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آیا نمونہ واپس کرنا ہے۔ نمونے کو بعد میں انفلوئنزا، RSV اور COVID-19 انفیکشن کے لیے ٹیسٹ کیا جائے گا۔ نمونے پر کوئی انسانی جینیاتی ٹیسٹ نہیں کیا جاتا۔
آپ اور آپ کے بچے کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ آیا آپ تحقیق کے نمونے کے نتائج جاننا چاہتے ہیں یا نہیں۔
کیا کرنا ہے
- آپ اور آپ کا بچہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آیا آپ تحقیقی نمونہ جمع کروانا چاہتے ہیں یا نہیں۔
- ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر آپ شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو براہ کرم غیر استعمال شدہ کِٹ کو اپنے بچے کے کلاس روم میں 'غیر استعمال شدہ لعاب کٹ' کے ڈبے میں واپس ڈال دیں۔
- اگر آپ حصہ لینا چاہتے ہیں تو، اپنا نمونہ لینے کا طریقہ سیکھی۔
- اگر آپ تحقیق کے لیے نمونہ جمع کروانا چاہتے ہیں تو، آپ اور آپ کا بچہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آیا آپ تحقیق کے نمونے کے نتائج جاننا چاہتے ہیں۔
- نتائج کا اشتراک اسکول، پبلک ہیلتھ، یا آپ کے ڈاکٹر کے ساتھ نہیں کیا جاتا۔ نتائج آپ کے اپنے ہیں، لہذا یہ فیصلہ بھی آپ کریں گے کہ آیا آپ انہیں وصول کرنا اور/یا ان کا اشتراک کرنا چاہتے ہیں۔
- نتائج معیاری کارروائی کے اوقات سے زیادہ وقت لیں گے۔
- لعاب جمع کرنے کی ہدایات کا جائزہ لیں - کلاس روم۔ لعاب کا ٹیسٹ مکمل کریں۔ شامل کردہ لیبل اور درخواست فارم کو اپنی منتخب کردہ ترجیح کی بنیاد پر پُر کریں۔
- اگر آپ نمونے کے نتائج چاہتے ہیں تو درخواست فارم پر رابطے کے لیے نام اور معلومات لکھیں۔ یہ آپ کو نتائج کے بارے میں مطلع کرنے کے لیے ہے۔ یہ تفصیلات آپ کو مطلع کرنے کے بعد تحقیق کے نمونے سے ہٹا دی جائیں گی۔
- بچے کی عمر سالوں میں لکھیں اور ان کی قانونی جنس کو نشان زد کریں۔ ۔
- اگر ٹیسٹ کیے جانے والے شخص میں علامات ہیں تو 'علامات زدہ' کو نشان زد کریں، یا اگر ٹیسٹ کیے جانے والے شخص میں کوئی علامات نہیں ہیں تو 'کوئی علامات نہیں' کو نشان زد کریں۔ اگر ان میں علامات موجود ہیں تو، براہ کرم علامات کی فہرست بنائیں (مثال: کھانسی، بخار) اور پہلی علامت شروع ہونے کی تاریخ لکھیں۔
- وہ تاریخ اور وقت لکھیں جب لعاب کا نمونہ لیا گیا تھا۔
- لعاب کے نمونے کو بھجوائے جانے تک فریج میں رکھیں۔
- اپنے مکمل شدہ کلاس روم کے تحقیقی نمونے کو اپنے اسکول میں 'لعاب کی کِٹ رکھے جانے' کے مقام پر پہنچائیں۔
انفرادی اور گھرانے کی جانچ
اگر آپ کے بچے کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے، اور آپ انفرادی اور گھرانے کی جانچ کے حصوں میں دلچسپی رکھتے ہیں تو، ہماری تحقیقی ٹیم مزید تفصیلات فراہم کرے گی اور آپ کے ساتھ لعاب کی کِٹ واپس بھجوانے کے حوالے سے بات چیت کرے گی۔
شرکت کے فوائد
ہم جو معلومات حاصل کرتے ہیں اس سے ہمیں یہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ بچے کتنے عرصے سے ان وائرسوں سے متاثر ہیں اور یہ کیسے پھیلتے ہیں۔ باخبر فیصلے اچھے اعداد و شمار سے حاصل ہوتے ہیں، جو پبلک ہیلتھ کو مطلع کرنے اور مستقبل میں ان وائرسوں کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
شرکاء کو انفرادی اور گھریلو جانچ کے لیے گفٹ کارڈ کی شکل ایک میں چھوٹا سا تعریفی ٹوکن ملے گا۔ انفرادی اور گھریلو جانچ میں شامل بچوں کو رضاکارانہ اوقات بھی دیئے جائیں گے اور شرکت کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ شرکت کرنے والے کلاس رومز کو جشن منانے کی غرض سے ان کے اسکول کی لیڈرشپ کی جانب سے منظور شدہ قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔
رابطہ
ای میل کے ذریعے ہم سے رابطہ کریں:
- سِک کڈز لعاب کی جانچ کے پروگرام کے بارے میں انکوائریز: school.salivatesting@sickkids.ca
- سِک کڈز لعاب کی جانچ پر تحقیق کے بارے میں انکوائریز:school.salivaresearch@sickkids.ca
تحقیق کا نام: بچوں میں انفلوئنزا، RSV، اور SARS-CoV-2 کے پھیلاؤ کی حرکیات نیز گھرانوں اور اسکولز میں ان کا ثانوی پھیلاؤ
سِک کڈز کے بنیادی تحقیق کار (Principal Investigators, PI): ڈاکٹر مشئیل سائنس (Dr. Michelle Science) اور ڈاکٹر آرن کیمپیگوٹو (Dr. Aaron Campigotto)
اکثر پوچھے جانے والے سوالات
میں اپنے اسکول کو کس طرح شامل کروں؟
اگر آپ والدین یا طالب علم ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ پروگرام آپ کے اسکول کو فائدہ پہنچائے گا، تو ہم آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ آپ اپنی دلچسپی کا اشتراک اپنے اسکول کی انتظامیہ کے ساتھ کریں اور انہیں ہماری رابطے کی معلومات فراہم کریں: school.salivatesting@sickkids.ca۔
اگر آپ ایک اسکول ایڈمنسٹریٹر ہیں تو، براہ کرم اپنے اسکول میں پروگرام کے نفاذ پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ہماری ٹیم کے کسی رکن کے ساتھ میٹنگ ترتیب دینے کے لیے school.salivatesting@sickkids.ca پر ہم سے رابطہ کریں۔
آپ جانچ کیوں مکمل کروانا چاہتے ہیں؟
تجسس: معلوم کرنا کہ آپ میں علامات کی کیا وجہ ہے۔
شدید خطرے میں گھرا فرد / خاندان کا فرد: اپنی یا خاندان کے کسی ایسے فرد کی حفاظت کرنا جو بے حد خطرے میں ہو۔
ویکسین کے فیصلے: ویکسین کے بارے میں فیصلہ کرنے میں مدد کے لیے معلومات حاصل کرنا۔
تحقیق میں شرکت: اگر آپ کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو آپ کو تحقیق میں شامل ہونے کا اختیار ہوتا ہے۔
کیا جانچ لازمی ہے؟
نہيں۔ جانچ رضاکارانہ ہے۔
اگر میں جانچ کرواتا/کرواتی ہوں تو کیا مجھے گھر پر رہنے کی ضرورت ہے؟
چاہے آپ ٹیسٹ مکمل کریں یا نہ کریں، کسی بھی علامات کا سامنا ہونے پر اپنے اسکول کی پالیسیوں اور پبلک ہیلتھ کی ہدایات پر عمل کریں۔
کیا میرے نتائج کا اشتراک میرے اسکول کے ساتھ کیا جائے گا؟
نتائج آپ کے اسکول کو نہیں بتائے جائیں گے۔ نتائج کا اشتراک صرف متعلقہ فرد کے ساتھ کیا جائے گا۔
اگر میں جانچ مکمل کرواتا/کرواتی ہوں تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ مجھے تحقیقی جانچ کروانے کی ضرورت ہے؟
نہيں۔ کلینیکل جانچ اور تحقیقی جانچ الگ الگ ہیں۔ اگر آپ کلینیکل جانچ مکمل کرواتے ہیں تو، اسے معمول کی جانچ سمجھا جائے گا جو آپ کے ڈاکٹر کے دفتر یا اسپتال میں کی جاتی ہے۔ تحقیقی جانچ کو تحقیقی جانچ کے نام پر کیا جائے گا اور یہ مکمل طور پر اختیاری ہے۔
لعاب کی جانچ کتنی درست ہوتی ہے؟
سواب کے ذریعے سے ناک سے حاصل شدہ نمونے جتنی درستگی
نمونہ چھوڑنے کا ڈبہ کہاں ہو گا؟
نمونہ چھوڑنے کے مقامات اسکولوں کے اپنے مخصوص کردہ ہوں گے۔ آسان رسائی کے لیے، عام طور پر سامنے کے داخلی دروازے اور/یا دالان کے اندر رکھنے کی سفارش کی جاتی ہے۔ اپنے اسکول کے مواصلاتی مواد کو چیک کریں کہ آپ کے اسکول میں نمونہ چھوڑنے کا مقام کہاں ہے۔
یہ یقینی بنانا کس کی ذمہ داری ہے کہ لیبارٹری کی درخواست اور نمونے کا لیبل صحیح طریقے سے مکمل ہو؟
والد یا والدہ/سرپرست/گھرانے کا فرد اور/یا جانچ مکمل کرنے والا فرد لیبارٹری کی درخواست اور نمونے کے لیبل کی صحیح طور پر تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ دار ہے۔
کلینیکل نمونوں کے لیے معلومات مکمل اور قانونی طور پر درست ہونا ضروری ہے۔ ترجیحی نام اس وقت قبول نہیں کیے جا سکتے۔
اگر میں نمونے لے جائے جانے کے بعد نمونہ پہنچاؤں تو کیا ہو گا؟
نمونے اگلے دن اٹھائے جانے والے نمونوں کے ساتھ لے جائے جائیں گے۔
اگر آپ جمعے کے دن اس وقت نمونہ چھوڑنے آتے ہیں جب کوریئر نمونے لے جا چکا ہو تو ایسے میں ہم آپ سے تقاضا کرتے ہیں کہ ویک اینڈ پر اپنا نمونہ فریج میں رکھیں اور پیر کو کوریئر کے آنے سے پہلے اسے پہنچا دیں۔ یہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے ہے کہ نمونے کا درجہ حرارت ویک اینڈ پر مستحکم رہتا ہے۔